واشنگٹن : اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز نے نیٹو کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ غزّہ کے معاملے میں بھی اسی اتحاد و استقامت کا مظاہرہ کیا جائے جس کا یوکرین کے معاملے میں کیا جا رہا ہے۔سانچز نے امریکہ کے شہر واشنگٹن میں منعقدہ نیٹو اٹلانٹک کونسل کی، بند کمرے کی، سربراہی نشست میں شرکت کی۔اسپین وزارت اعظمیٰ ذرائع کے حوالے سے ملکی ذرائع ابلاغ کی شائع کردہ خبر کے مطابق سانچز نے بند کمرے کے نیٹو اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ “اگر ہم اپنے شہریوں سے کہہ رہے ہیں کہ ہم بین الاقوامی قانون کے تحفظ کی خاطر یوکرین کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں توہمیں یہی روّیہ غزّہ کے لئے بھی اختیار کرنا پڑے گا۔ میرا نیٹو ممالک سے مطالبہ ہے کہ جس اتحاد اور مستحکم ارادے کا مظاہرہ یوکرین پر روسی قبضے کے خلاف کیا جا رہا ہے ویسے ہی اتحاد و استقامت کا مظاہرہ غزّہ کے لئے بھی کیا جائے”۔سانچز نے کہا ہے کہ “ہمارے شہریوں کا یہ جاننا ضروری ہے کہ ہم ایک مستحکم سیاسی موقف کے مالک ہیں اور ہمارے لاگو کردہ معیار دوہرے معیار نہیں ہیں۔ اگر ہم یوکرین کے معاملے میں بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ کر رہے ہیں تو یہی مطالبہ ہمیں غزہ کے معاملے میں بھی کرنا چاہیے”۔