یوکرین کے مختلف شہروں پر روس کے میزائل حملے

,

   


8افراد ہلاک ‘ کئی عمارتیں تباہ‘متعددگاڑیوں میں آگ لگ گئی

کیف :یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر روس کی جانب سے75 میزائلوں سے حملے کئے گئے۔ میڈیا کے مطابق کیف میں روسی میزائل حملوں میں تقریباً8 افرادکے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ان حملوں کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ میڈیاکے مطابق کیف کے علاوہ لیوف، خارکیف سمیت مختلف شہروں میں دھماکے ہونے کی اطلاع ہے۔یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ روس ہمیں تباہ کرنے اور زمین سے ہمارا خاتمہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔یوکرینی وزیرخارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پیوٹن کا واحد حربہ یوکرین کے پرامن شہروں پر دہشت گردی کرنا ہے، وہ ایک دہشت گرد ہے جو میزائلوں سے بات کرتا ہے۔سربراہ یوکرینی فوج نے میڈیا کو بتایا کہ روسی فورسز نے کیف سمیت جنوبی، مغربی شہروں پر 75 میزائلوں سے حملہ کیا، روس کے فائر کیے گئے 41 میزائل مار گرائے۔روس نے 24 گھنٹے میں یوکرین پر 75 میزائل حملہ کئے، یوکرینی وزارت دفاع نے کہا ‘کسی بھی حال میں سرینڈر نہیں کریں گے۔ حملوں کے بعد کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس ختم ہو گئی ہے۔ ۔ یوکرین کی آرمس فورسز کے کمانڈر اِن چیف جنرل ویلوری کا کہنا ہے کہ یوکرین کی فوج بہادری کے ساتھ روسی حملے کا جواب دے رہی ہے۔ یوکرین نے ایک بار پھر عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس میزائلوں کے ذریعہ ڈرا نہیں سکتا ہے۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی حملے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں مزید مضبوط بناتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں یوکرین کی افواج نے روس پر ایک بڑا حملہ کرتے ہوئے روس کو کریمیا سے جوڑنے والے ایک بڑے پل پر حملہ کر دیا۔ اس پل پر حملے کی وجہ سے کریمیا کا روس سے کچھ دیر کے لیے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ بعد میں روس کی افواج نے آناً فاناً میں اس پل کی مرمت کرائی اور اسے آمد و رفت کے لائق بنایا۔