نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں جاری جنگ کے تناظر میں یوکرین سے ہندوستانیوں بالخصوص طلباء کو بحفاظت واپس لانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے کہ یوکرین کے خلاف روس کی فوجی کارروائی کے تناظر میں وزیر اعظم مودی کا یہ چوتھا اجلاس ہے۔ اس اجلاس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، مرکزی وزیر پیوش گوئل اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔وزیر اعظم کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب روس نے یوکرین پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ منگل کے روز اس حملے میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت ہو گئی ہے کھارکیو میں روس کی گولہ باری میں ہندوستانی طالب علم نوین شیکھرپا گیانگودر مارا گیا۔ نوین کرناٹک کے ہاویری ضلع کے چلگیری کا رہنے والا تھا۔ وزیر اعظم کی ترجیح یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانا ہے۔