یوکرین کے 4 علاقوں پرکنٹرول کا دعویٰ:روس

   

فوجی آپریشن میں 8 ہزار سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک یا زخمی

ماسکو۔14؍فروری ( ایجنسیز ) روس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوکرین کے 4 علاقوں میں کنٹرول حاصل کرلیاہے۔روسی وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ 7 سے 13 فروری کے دوران یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن میں مجموعی طور پر 8 ہزار 485 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔درجنوں ٹینک 100 سے زائد بکتر بند گاڑیاں، سینکڑوں فوجی گاڑیاں، متعدد راکٹ لانچر اور اسلحہ و گولہ بارود کے گودام تباہ کیے گئے۔ اسی عرصے میں روسی افواج نے 4 نئی بستیوں پر کنٹرول حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔روسی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیٹل گروپ نارتھ نے خارکوف ریجن کی چوگونووکا اور سومی ریجن کی سیدوروفکا پر قبضہ کیا۔بیٹل گروپ ویسٹ نے خارکوف ریجن کی گلوشکووکا کو اپنے کنٹرول میں لیا جبکہ بیٹل گروپ ایسٹ نے زاپوروزیے ریجن کی زالیزنیچنوئے میں پیش قدمی کرتے ہوئے اسے آزاد کرانے کا اعلان کیا۔وزارتِ دفاع کے مطابق مختلف محاذوں پر کارروائیوں کے دوران بیٹل گروپ نارتھ نے ایک ہزار 425 سے زائد یوکرینی فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کیا۔بیٹل گروپ ویسٹ نے ایک ہزار 130 سے زائد، بیٹل گروپ ساؤتھ نے 925 سے زائد، بیٹل گروپ سنٹر نے ایک ہزار 895 سے زائد، بیٹل گروپ ایسٹ نے دو ہزار 830 سے زائد جبکہ بیٹل گروپ دنیپر نے تقریباً 280 اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا۔حالیہ عرصہ میں امریکہ کی جانب سے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ختم کرانے کی بھر پور کوشش کی گئی ۔ تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔