صدر زیلنسکی کو کریملن کی ایک اور پیشکش۔ بصورت دیگر کیف کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا جائے گا
شہریوں کو تخلیہ کردینے روسی ملٹری کی وارننگ
نئی دہلی : ماسکو ولودومیر زیلنسکی کو بدستور یوکرین کا قانونی صدر تصور کرتا ہے، کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے یہ بات کہی۔ اُنھوں نے تجویز کے طور پر کہاکہ یوکرینی لیڈر چاہے تو اپنی افواج کو ہتھیار ڈال دینے کا حکم دے سکتے ہیں اور ایسی صورت میں مزید اموات پیش نہیں آئیں گی۔ اِس کے برخلاف صورت میں روسی ملٹری کی وارننگ پر عمل ہوگا جس نے منگل کو کہا ہے کہ یوکرینی دارالحکومت کیف میں انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کئے جائیں گے۔ روسی ملٹری نے شہریوں سے تمام اہم تنصیبات کے قریبی علاقوں کا تخلیہ کردینے کے لئے کہا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُن کی فورسیس سکیورٹی سرویس آف یوکرین اور 72 ویں مین سنٹر فار انفارمیشن اینڈ سائیکالوجیکل آپریشنس بمقام کیف کو ٹارگٹ بنایا جائے گا۔ روس کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کے سدباب کے طور پر کیف میں واقع تمام متعلقہ سنٹرس کو تباہ کردیا جائے گا۔ جاریہ حملے کے بعد یوکرین کی حالت اور مستقبل میں انتخابات کے نقطہ نظر سے روس کی توقعات کے تعلق سے پوچھنے پر کریملن کے ترجمان نے کہاکہ اِس مسئلہ کا روسی حکومت سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ کریملن یوکرین میں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رول ادا نہیں کرسکتا۔ یہ بیرونی ملک ہے اور اُن کا داخلی معاملہ ہے۔ پیسکوف نے مغربی کوششوں پر افسوس ظاہر کیاکہ یوکرین پر حملے کے معاملہ میں روس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ کریملن کے ترجمان نے دعویٰ کیاکہ امریکہ نے اپنے یوروپی حلیفوں کو آمادہ کیاکہ غیر واجبی تحدیدات عائد کریں۔
روس کے 5,710فوجی ہلاک، یوکرین کا دعویٰ
کیف : فوجی ماہرین کے مطابق روس نے 6 دنوں میں یوکرین کے اندر اپنے فوجیوں کی تعداد 40 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کر دی ہے ۔ ولادیمیر پوتن کی فوج کے 5710 فوجی اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ اطلاع یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے منگل کو ایک سرکاری بیان میں دی ہے ۔اس لڑائی میں مجموعی طور سے اب تک 5710 فوجی ہلاک اور 200 فوجی گرفتار ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ تباہ شدہ اور خراب ہوائی جہاز 29 یونٹ، ہیلی کاپٹر 29 یونٹ، ٹینک 198، بی بی ایم / اے پی وی 846، آرٹلری سسٹم 77، اینٹی ایئر کرافٹ وارفیئر سسٹم 7، ایم ایل آر ایس 24، ایندھن کے ٹینک 60، یو اے وی آپریشنل اور ٹیکٹیکل لیول 3، کشتیاں 2 یونٹ، موٹر گاڑیاں / گاڑیاں 305 کا دشمنوں کو نقصان اٹھانا پڑاہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے ۔ جنگ کی زیادہ شدت کی وجہ سے اعدادوشمار حاصل کرنا مشکل ہے ۔رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ میں زمینی جنگ اور ملٹری سائنسز کے ریسرچ فیلو جیک واٹلنگ نے بی بی سی کو بتایاکہ75 فیصد اعداد و شمار ایک سینئر امریکی دفاعی اہلکار نے دیا ہے ۔