استنبول۔ 2 جون (یو این آئی) یوکرین اور روس تنازعہ کے خاتمہ کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے درمیان پیر کو ترکی کے شہر استنبول میں دوبارہ مذاکرات شروع کریں گے ۔ ترک افسران نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ترک صدر کے دفتر کے مطابق یہ وفود مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے استنبول میں آبنائے باسفورس کے کنارہ واقع سیراگن پیلس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ممالک نے 16 مئی کو استنبول میں براہ راست مذاکرات کا اپنا تازہ دور منعقد کیا تھا۔ مارچ 2022 کے بعد یہ ان کی پہلی بالمشافہ بات چیت تھی، لیکن یہ میٹنگ جنگ بندی کے معاہدہ کے بغیر ختم ہوگئی۔
صدر دفتر کے مطابق آج دونوں ممالک تنازع کے خاتمہ کے لیے امن مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی یوکرین ۔ روس جنگ کو ختم کرنے اور دونوں ممالک کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے کے لئے مختلف ممالک کی کوششیں جاری ہیں۔