یوکی بھامبری پہلی بار گرانڈ سلام سیمی فائنل میں پہنچ گئے

   

نیویارک، 4 ستمبر (آئی اے این ایس)۔ ہندوستان کے ٹینس اسٹار یوکی بھامبری نے اپنے پہلے گرانڈ سلام سیمی فائنل میں جگہ بنا کر تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے اپنے نیوزی لینڈ کے ساتھی کھلاڑی مائیکل وینس کے ساتھ یو ایس اوپن کے مردوں کے ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ انڈو۔کیوی جوڑی نے 11ویں سیڈڈ نکولا میکٹک اور راجیو رام کو سخت مقابلے میں 6-3، 6-7(8)، 6-3 سے شکست دی۔ یہ کوارٹر فائنل کورٹ 17 پر کھیلا گیا۔33 سالہ بھامبری کے لیے یہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا سنگ میل ہے۔ وہ ایک وقت میں جونیئر ورلڈ نمبر ایک رہ چکے ہیں اور 2009 آسٹریلین اوپن بوائز خطاب جیت چکے ہیں۔ بار بار زخمی ہونے اور سنگلز سے ڈبلز میں تبدیلی کے بعد آخرکار انہوں نے گرانڈ سلام سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے بڑی کامیابی درج کرائی ہے۔ بھامبری اور وینس کی یہ کامیابی ہندوستانی مردوں کے ڈبلزکی شاندار تاریخ میں ایک اور باب کا اضافہ ہے، جہاں پہلے لیجنڈز لیئنڈر پیس، مہیش بھوپتی اور روہن بوپنا نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں بھامبری نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پہلے سیٹ میں ہی ان کے ایک ریٹرن ونر نے مخالف جوڑی کا سرویس توڑکر برتری دلائی اور جلد ہی سٹ اپنے نام کر لیا۔ دوسرے سٹ میں جدوجہد کے بعد ٹائی بریک میں شکست ہوئی، جس میں بھامبری سے سٹ پوائنٹ پر ڈبل فالٹ بھی ہوا۔ فیصلہ کن سیٹ میں تاہم دونوں نے عمدہ مزاحمت دکھائی۔ اہم موقع پر بھامبری نے بریک پوائنٹ بچایا اور پھر میکٹک کے سرویس پر بریک حاصل کرلیا۔ آخر میں وینس نے سخت دباؤ کے باوجود پانچ بریک پوائنٹس بچا کر میچ مکمل کیا۔ اب سیمی فائنل میں بھامبری اور وینس کا مقابلہ چھٹے سیڈ برطانوی جوڑی جو سیلسبری اور نیل سکپسی سے ہوگا۔ اس سے پہلے پری کوارٹر فائنل میں انہوں نے چوتھے سیڈ کیون کراویٹز اور ٹم پوئٹزکو شکست دی تھی۔بھامبری نے اس کامیابی کے ذریعہ اس فہرست میں جگہ بنالی ہے جہاں پہلے ہی کئی ہندوستانی کھلاڑی موجود ہیں۔