یوگنڈا میں ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

   

کمپالا: مشرقی افریقی ملک یوگنڈا میں ایبولا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے ۔یوگنڈا کی وزارت صحت نے یہ اطلاع دی ہے ۔ وزارت صحت کے ترجمان ایمانوئل آئنبیونا نے پیر کو کہا کہ ملک میں 20 ستمبرکو پہلی بار وائرس کے معاملے سامنے آئے تھے ۔ اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد اب 17 ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر تک گزشتہ 48 گھنٹوں میں اس انفیکشن کے چار نئے کیسز کی تصدیق کے بعد اس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 48 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 48 تصدیق شدہ کیسز میں سے 9 ہیلتھ ورکرز ہیں۔ اس سے 14 افراد ٹھیک ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سینئر حکام کی ایک ٹیم ایبولا کے تعلق سے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت کے لیے ملک میں ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اعلیٰ حکام ایبولا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے 12 اکتوبر کو ہونے والی اعلیٰ سطحی ہنگامی کابینہ کی میٹنگ میں بھی شامل ہوں گے ۔