کمپالا : یوگنڈہ کے ٹک ٹاکر کو صدر کی توہین کرنے پر جیل بھیج دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یوگنڈا کی ایک عدالت نے 24 سالہ شخص کو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں صدر اور ان کے خاندان کی توہین کرنے پر 6 سال قید کی سزا سنادی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹک ٹاکر کی شناخت ایڈورڈ اویبوا کے نام سے ہوئی جس پر صدر یووری میوزیوینی، خاتون اول جینٹ میوزیینی اور ان کے بیٹے کے خلاف نفرت انگیز تقریر، گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت میں بتایا گیا کہ ملزم نے کہا تھا کہ صدر کے دور میں ٹیکسوں میں اضافہ ہوگا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملزم نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے معافی بھی مانگی تھی۔ عدالتی پریذائیڈنگ مجسٹریٹ اسٹیلا ماریس کا کہنا تھا کہ ملزم نے جب رحم کی درخواست کی تھی تو وہ اپنے کیے پر شرمندہ نظر نہیں آیا اور ویڈیو میں استعمال کیے گئے الفاظ واقعی بے ہودہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم سزا کا مستحق ہے جو اسے اپنے ماضی سے سیکھنے کے قابل بنائے گی تاکہ اگلی بار وہ صدر، خاتون اول اور ان کے بیٹے کا احترام کرے۔