نئی دہلی 3اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے الزام لگایا کہ اترپردیش میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل مجرمانہ واقعات ہورہے ہیں لیکن ریاستی حکومت لاچار نظر آرہی ہے اور وہ انہیں روکنے میں ناکام ثابت ہوگئی ہے ۔پرینکا نے جمعرات کو اس سلسلہ میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مشرق سے مغرب تک مسلسل جرائم ہورہے ہیں۔ ریاستی حکومت ان جرائم کو روک نہیں پارہی ہے اور اس سلسلہ میں جھوٹ بول رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جرائم سے متعلق خبروں کی کلپنگ بھی پوسٹ کی ہیں۔انہوں نے لکھا ‘اترپردیش میں گزشتہ تین دنوں میں جرائم پیشہ افراد نے ریاست کو جرائم کا اڈہ بنا دیا ہے ۔ بنارس، سون بھدر، بجنور، نوئیڈا اور کانپور میں قتل ہوئے ہیں اور علی گڑھ میں غوا کے بعد ایک بچے کو قتل کردیا گیا۔ بی جے پی حکومت کی ناکانی صاف نظر آرہی ہے کہ حکومت جرائم پر جھوٹ بول سکتی ہے ، انہیں روک نہیں سکتی‘۔