یوگی حکومت میں دلتوں کا استحصال کرنے والوں کو تمغے: پرینکا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو دلت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ان لوگوں کو اعزازسے نوازا جاتا ہے ، جو دلتوں کا استحصال کرتے ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ وہ حراست میں مارے گئے ان دلت کنبوں کے لواحقین سے ملی ہیں، ان سب کا یہ ہی کہنا تھا کہ ان کااستحصال کیا جاتا ہے اور انتظامیہ اور سرکار میں ان کی بات نہیں سنی جاتی ہے ۔ وہ جہاں بھی گئیں، مرنے والے دلتوں کے اہل خانہ کا درد ایک ہی جیسا تھا، لیکن یوگی حکومت انہیں راحت نہیں دیتی اور الٹا دلتوں کا استحصال کرنے والوں کو میڈل دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں حراست میں مارے گئے آگرہ کے ارون والمیکی جی کے اہل خانہ سے ملی تھی ،تو ان کی بوڑھی ماں کے الفاظ میں کچھ اس طرح کا درد تھا، غازی پور کے نریندر پاسوان کی ماں کا کہا گیا ایک ایک لفظ یوگی کی حکومت کی طرف سے کئے گئے دلتوں کے استحصال کی کہانی بیان کرتا ہے ۔ اس حکومت میں متاثرین کنبوں کو دھمکی اور دلتوں کا استحصال کرنے والوں کو تمغے دیے جاتے ہیں۔انہوں نے متاثرہ کنبوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر جی کے آئین نے آپ کو انصاف کا حق دیا ہے ۔ میں آپ کے ساتھ ہوں اور آخری سانس تک انصاف کی جنگ میں آپ کا ساتھ دوں گی ۔