لکھنؤ :سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی حکومت میں زیادہ تر تعمیراتی اور سڑک کے منصوبے بدعنوانی کا شکار ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورکھپور لنک ایکسپریس وے بدعنوانی کا سب سے بڑا راستہ بننے جا رہا ہے ۔ چھ کی بجائے فور لین بننے کے بعد بھی، یہ ملک میں فی کلومیٹر سب سے مہنگا ایکسپریس وے بننے کا (مہا بھرشٹاچاری) ریکارڈ بھی اسی کے نام ہے ۔مسٹریادو نے کہا کہ کیا ایسا کوئی مانیٹرنگ سسٹم بی جے پی حکومت پر نظر رکھنے کے لیے نہیں بن سکتا جو بی جے پی کے بے لگام لوگوں کو قواعد و ضوابط کو توڑنے اور بدعنوانی کی غلط لین میں بے تحاشہ رفتار سے اپنی گاڑی دوڑانے سے روک سکے ۔ نظام کسی ایڈوانس مینجمنٹ سسٹم سے نہیں، صحیح نیت سے حکومت انتظامیہ چلانے سے بہتر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام کو لے کرتمام طرح کی شکایات بھی آچکی ہیں۔ بندیل کھنڈ ایکسپریس وے تو وزیر اعظم کے ذریعہ افتتاح کے ایک ہی ہفتے کے اندر کئی جگہوں پر ٹوٹ گیا تھا۔ ایودھیا میں بھی زمین کی خرید و فروخت اور تعمیراتی کاموں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی سب کے سامنے ہے ۔ بی جے پی کے لوگوں نے اجودھیا میں جس طرح کی لوٹ مچائی ہے ، اس کی دوسری مثال نہیں ملتی ہے ۔ بی جے پی کی پول کھل چکی ہے ۔ جھوٹ اور لوٹ کا اس کا کردار عوام کے سامنے آ چکا ہے ۔