یوگی حکومت نے اوم پرکاش راج بھر کو کیا برخاست، گورنر نے دی منظوری

,

   

سہیل دیو سماج پارٹی سربراہ اوم پرکاش راج بھر کی اترپردیش میں یوگی کابینہ سے چھٹی کر دی گئی ہے۔ وزیراعلی کی سفارش پر گورنر رام نائیک نے پیر کو راج بھر کو وزارت سے برطرفی کو منظوری دے دی۔

یوگی کابینہ میں پسماندہ سماج و معذورین کی فلاح و بہبود کے وزیر راج بھر نے لوک سبھا انتخاب میں سیٹوں کے تقسیم کے حوالے سے بی جے پی سے الگ ہوکر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے پہلے بھی راج بھر پسماندہ سماج کے مسائل کے حوالے سے یوگی حکومت کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ عام انتخابات کے بعد ان کو وزارت سے برخاست کیے جانے کی قیاس آرائیاں عام تھیں۔ راج بھون کے ترجمان نے بتایا کہ راج بھر کو ریاستی کابینہ کی رکنیت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ گورنر نائیک نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تجویز پر اوم پرکاش راج بھر کو وزارت کے عہدے سے بر طرف کرنے کی اجازت دے دی۔

راج بھر نے لوک سبھا انتخابات کے دوران اپنی پارٹی کے لئے بی جے پی سے ریاست میں پانچ۔ چھ سیٹیں دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن بی جے پی اس کے لئے تیارنہیں ہوئی تھی۔ بی جے پی نے راج بھر سے کہا تھا کہ گھوسی لوک سبھا سیٹ انہیں دی جا سکتی ہے لیکن الیکشن بی جے پی کے انتخابی نشان پر لڑنا ہوگا۔

اس کے بعد راج بھر ناراض ہوگئے تھے اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت 39 سیٹوں پر اپنی پارٹی کے امیدوار کھڑے کردئے تھے۔ انتخاب کے دوران سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے کارکنوں نے کئی مقامات پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں شرکت کی تھی۔ راج بھر کا دعوی ہے کہ انہوں نے 13 اپریل کو ہی وزارت سے استعفی دے دیا تھا۔