یوگی حکومت کیخلاف بغاوت ، 100 بی جے پی ایم ایل ایز کا اسمبلی میں دھرنا

,

   

Ferty9 Clinic

لکھنو ۔ 17 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کے خلاف آج عملاً بغاوت ہوگئی۔ جب بی جے پی کے 100 ایم ایل ایز نے خود اپنی پارٹی کے خلاف اسمبلی میں دھرنا دیا ۔ جھگڑا تب شروع ہوا جب لونی حلقہ کے بی جے پی ایم ایل اے نند کشور گرجر کو اسمبلی میں اظہار خیال کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ وہ اپنے خلاف ہراسانی کی شکایت کے ساتھ درج رجسٹر کیس میں اپنی بات رکھنا چاہتے تھے اور وہ اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے تھے۔ وزیر پارلیمانی امور سریش کھنہ نے ان سے اپنی نشست پر بیٹھ جانے کیلئے کہا ۔ نند کشور اس پر اسپیکر ہردے نارائن ڈکشٹ کے فیصلہ کے خلاف ایوان کے اندرون دھرنے پر بیٹھ گئے اور جلد ہی ان کے ساتھ 100 سے زائد بی جے پی ایم ایل ایز شامل ہوگئے۔ قبل ازیں دن میں متنازعہ بی جے پی ایم ایل اے نند کشور نے ریاتی اسمبلی میں خود اپنی ہی پارٹی کے لئے پشیمانی پیدا کی جب وہ اپنی نشست سے اٹھ کر کہنے لگے کہ انہیں حکومت ہراساں کر رہی ہے۔ وقفہ صفر کے دوران نند کشور پولیس مظالم کے خلاف لب کشائی کرنا چاہتے تھے لیکن وزیر پارلیمانی امور نے انہیں کچھ بھی بولنے سے روکا۔ اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے ارکان فوری نند کشورکی حمایت میں کھڑے ہوئے اور مطالبہ کرنے لگے کہ انہیں بولنے کی اجازت دینا چاہئے ۔ اپوزیشن لیڈر رام گوئند چودھری نے کہا کہ لیجسلیٹر کی حیثیت سے نند کشور اپنی بات ایوان میں رکھنے کا پورا حق رکھتے ہیں اور ان کی پارٹی اس معاملہ میں نند کشور کی حمایت کرے گی۔ تاہم اسپیکر نے نند کشور کو اظہار خیال کی اجازت نہیں دی۔ ایس پی ایم ایل ایز ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی ۔ شور و غل کے مناظر دیکھنے میں آئے اور بعض وزراء کو برہم ایم ایل اے منانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا کہ وہ اس طرح کے مسائل اسمبلی میں نہ اٹھائیں۔