لوگ ترقیاتی مسائلاٹھائیںورنہ صورتحال نہیں بدلے گی
مرادآباد : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کو صرف مذہب کی سیاست میں مگن رہنے کا مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ جب تک عوام ترقیاتی مسائل کے تعلق سے بات نہیں کرتے، یہ صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔ کانگریس لیڈر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کانگریس ہی ہے جو ترقیاتی مسائل اٹھا رہی ہے جبکہ دیگر ذات پات اور مذہب کے کارڈ کھیلتے ہوئے عوام میں اختلافات پیدا کررہے ہیں۔ پرینکا نے مرادآباد میں اپنی پارٹی کی ’’پرتگیہ ریلی‘‘ میں کہا کہ چیف منسٹر نہیں سمجھتے کہ وہ عوام کو جواب دہ ہیں۔الیکشن کے موقع پر وہ مذہب کی باتیں کرتے ہوئے بچ نکل رہے ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ اگر عوام نے ترقی سے متعلق امور کی بات نہیں کی تو مذہب اور ذات پات کی سیاست جاری رہے گی۔ پرینکا نے زور دیا کہ کانگریس ترقی کے موضوع پر ہی انتخابات لڑنا چاہتی ہے۔ ہمارا عہد ترقی اور روزمرہ کی زندگی کے اہم مسائل پر مبنی ہے۔ عوام کو بھی اس تعلق سے بیدار ہونا ہوگا۔ پرینکا نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ پیتل کے کاموں کیلئے مشہور مرادآباد کو ’’اندھیر نگری‘‘ میں بدل دیا ہے۔
پرینکا گاندھی کی آج سسرال میں ’’پرتگیہ ریلی‘‘
مرادآباد: کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی پارٹی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا مغربی اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں آج پرتگیہ ریلی کا انعقاد کرکے پارٹی کارکنوں کو آئندہ اسمبلی الیکشن کے لیے انتخابی حکمت عملی سے آگاہ کریں گی۔ پرینکاگ گاندھی کے پروگرام کے مطابق وہ مراد آباد کے بدھی وہار میں پرتگیہ ریلی سے خطاب کریں گی۔ کانگریس کے اقلیتی مورچہ کے صدر عمران پرتاپ گڑھی جو پرینکا گاندھی کے مرادآباد دورے کے انچارج ہیں، وہ گزشتہ روز سے جلسہ گاہ پر تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 15 نومبر کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی خرابیٔ صحت کی وجہ سے ان کا مرادآباد کا دورہ آخری وقت پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کا آبائی ضلع ہونے کی وجہ سے مراد آباد پرینکا گاندھی کا سسرال بھی ہے ۔