لکھنؤ: 4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ریاست کے 23 کروڑ عوام کے لئے اپنی حکومت کو مزید جوابدہ اور حساس بنانے کے مقصد سے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو وزیر اعلی ہیلپ لائن نمبر 1076 کاآغاز کیا ۔اس ضمن میں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم اس حکومت کو عوام کے تئیں مکمل طور پر جواب دہ بنانے کا عزم کررکھا ہے اس ضمن میں افسران کی کسی بھی تساہلی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محکموں کے سربراہوں کو درج کی گئی شکایتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینا چاہئے ۔ میں ماہانہ اس کا جائزہ لوں گا اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا بے قاعدگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔معلوم ہونا چاہئے کہ ہیلپ لائن نمبر سے موصول شکایتیں اور اس کے بعد ملنے والی تاثرات کو‘سالانہ معتمد رپورٹ’ میں محفوظ کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ موبائل فون کے ذریعہ درج کرائی گئی تمام شکایتیں ایک وقت مقررہ کے اندر دور کی جائیں گی اور حکومت شکایت کنندہ سے اس ضمن میں اس کا تاثر ضرور جانے گی۔تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ اگر شکایت غلط یا جانب دار نکلی تو شکایت کرنے والے کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔اس دوران سی ایم ہیلپ لائن 1076 کا نئے سرے سے آغاز کرتے ہوئے وزیر اعلی ہیلپ لائن نمبر کے ذریعہ عوام کے ذریعہ درج کی گئی شکایتوں کے تصفیہ میں تاخیر پر کافی برہم نظر آئے ۔