یوگی کابینہ میں بی جے پی نے دی ہر طبقے کو نمائندگی، 8 برہمن کے ساتھ دلت اور مسلم بنائے گئے وزیر

   

لکھنو: یوگی آدتیہ ناتھ نے دوسری بار اترپردیش کے وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لے لیا ہے۔ اس کے علاوہ کیشو پرساد موریہ کو ایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری ملی ہے اور اس بار بھی انکا قد دوسرے نمبر کا ہوگا۔ وہیں یوگی حکومت کی پہلی مدت میں وزیر قانون کی ذمہ داری سنبھالنے والے برجیش پاٹھک کو دوسرا نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔ وہیں، یوگی کابینہ 2.0 میں ذات پات کی برابری کا بھی پورا دھیان رکھا گیا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں اس بار 52 وزیر بنے ہیں۔ اس میں برہمن (8)، او بی سی (20)، شیڈول کاسٹ (8)، جاٹ (5) اور (6) ٹھاکر وزیر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھومیہار، ویشیہ، سکھ، کایستھ، پنجابی اور مسلم طبقے کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ ویسے اس بار یوگی کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ، 16 کابینی وزیر، 14 ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) اور 20 ریاستی وزرا نے حلف اٹھایا ہے۔ حالانکہ اس کابینہ کی ایک خاص بات یہ رہی کہ ریاستی وزیرحج محسن رضا کی چھٹی کر دی گئی ہے اور ان کی جگہ پر دانش آزاد انصاری کو موقع دیا گیا ہے۔