یوگی کابینہ کا بڑا فیصلہ، رام پور میں مولانا محمد جوہر ٹرسٹ سے زمین واپس لی جائے گی

   

لکھنو: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں منگل کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کئی اہم تجاویز کو ہری جھنڈی دی گئی۔ ان میں سب سے اہم فیصلہ مرتضیٰ ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت اور زمین کو واپس لینے سے متعلق تھا، جسے محکمہ ثانوی تعلیم نے رام پور میں مولانا محمد جوہر ٹرسٹ کو لیز پر دیا تھا۔ یوگی حکومت نے اس تجویز کو اپنی منظوری دے دی ہے اس فیصلے کے تحت جوہر ٹرسٹ کی جانب سے حکومت سے 30 سال کے لیے لیز پر لی گئی زمین کی شرائط پر عمل نہیں کیا گیا۔ ایسے میں یوگی حکومت نے ٹرسٹ سے زمین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2007 میں ایس پی حکومت نے یہ زمین جوہر ٹرسٹ کو صرف 100 روپے سالانہ کے حساب سے کرایہ پر دی تھی ۔