وارانسی27نومبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کاشی وشوناتھ مندر علاقے میں آدھی رات کو چوک تھانے کا اچانک معائنہ کر کے پولیس افسران کو تین ماہ پرانے مقدموں کی ضروری قانونی کاروائی ایک ماہ میں پوری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔مسٹر یوگی نے وارانسی کے اپنے دو روزہ دورے کا آغاز منگل کی رات آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کر کے کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کوئیجاپور واقع سنت اتل آنند اسکول میں ہوئی میٹنگ میں اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے جڑے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حالانکہ یوگی اور دونوں تنظیموں کے اعلی افسران نے میٹنگ سے کی تفصیلی جانکاری میڈیا کو نہیں دی ہے۔مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ کوئیجاپور میں میٹنگ کے بعد وزیر اعلی نے اعلی افسران سے کاشی وشوناتھ مندر کی توسیعی پروجکٹ سمیت دیگر اہم ترقیاتی پرجکٹوں کے کاموں کی پیش رفت رپورٹ لی۔متعلقہ افسران کو وقت مقررہ کے اندر پروجکٹوں کی تکمیل کے لئے پوری مستعدی کے ساتھ کام کرنے کا حکم دیا۔