یو ایس اوپن کے ملتوی ہونے کا امکان

   

نیویارک ۔ 18مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) یو ایس ٹینس اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے اگست میں منعقد شدنی سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے اور یہ ملتوی بھی ہوسکتا ہے ۔ دریں اثناء امریکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ فی الحال یو ایس اوپن کے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ حالات کی سنگینی اور ٹورنمنٹ میں موجود وقت کے تناظر میں چوتھے گرانڈ سلام کی نئی تاریخ پر کوئی فیصلہ نہیں لیا جاسکتا ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے ہمراہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے ٹورس نے کئی ایک ٹورنمنٹس کو ملتوی کرنے کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے ۔ قبل ازیں فرنچ اوپن جو کہ ماہ مئی میں کھیلا جاناتھا اسے موخر کرتے ہوئے اب 20ستمبر تا 4اکٹوبر کھیلانے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن یو ایس اوپن کے منتظمین نے کہا ہے کہ فرنچ اوپن جو کہ پہلے 24مئی تا 7جون منعقد شدنی تھا اسے آگے بڑھا دیا گیا ہے لیکن یو ایس اوپن جو کہ سیزن کا آخری گرانڈ سلام ہے اس کے انعقاد میں کافی وقت ہے ۔ لہذا اس کے متعلق تبدیل شدہ تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا جاسکتا ۔ یاد رہے راجر فیڈرر نے پہلے ہی اس ایونٹ میں شرکت کیلئے توثیق کردی ہے جو کہ اگست 24تا 13 ستمبر منعقد شدنی ہے ۔ یو ایس ٹی اے سیزن کے آخری گرانڈ سلام کو مقررہ وقت پر منعقد کرنے کیلئے پُرعزم ہونے کے علاوہ منصوبوں کے مطابق تیاری بھی کررہا ہے ۔