نئی دہلی : ملک کی معروف نیوز ایجنسی یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا (یو این آئی) کے سابق ایڈیٹر مسٹر نیرج باجپائی کا آج صبح سویرے غازی آباد کی ویشالی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے دیہانت ہوگیا۔ واجپئی کو کل رات تقریبا 1.30 بجے دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ ان کے پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹی ہے ۔ وہ 64 سال کے تھے ۔مسٹر واجپائی نے اپنے کیریئر کا آغاز یو این آئی میں کانپور بیورو سے کیا۔ انہیں 1993 میں ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا ، جس کے بعد انہوں نے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ سال 2016 میں ، مسٹر واجپائی کو یو این آئی کا ایڈیٹر مقرر کیا گیا اور انہیں چیف ایڈیٹر کے فرائض کی انجام دہی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی۔مسٹر واجپائی کی آخری رسومات بیٹی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد ادا کی جائیں گی۔