نیو یارک:9اکٹوبر ( ایجنسیز ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین سے معاہدیکی شرائط کی مکمل پاسداری کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور لڑائی ہمیشہ کیلئے بندہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد اور ضروری تجارتی سامان کے داخلیکویقینی بنایا جانا چاہیے، اقوام متحدہ معاہدے کے مکمل نفاذ کی حمایت اور انسانی امداد کی فراہمی کو تیز کریگا جب کہ ہم غزہ میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو امن سے رہنے کیلیے دو ریاستی حل کی طرف لے جایا جائے۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس نے امریکہ کے مجوزہ غزہ امن معاہدہ کے پہلے مرحلے پر دستخط کردیے ہیں۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی جب کہ اسرائیل اپنی فوج کا متفقہ لائن پر انخلا کرے گا۔