یو اے ای سے ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی شروع

,

   

دو ایرانڈیا فلائیٹس کے ذریعہ 354ہندوستانیوں کی پہلے مرحلہ میں واپسی ، تارکین وطن کا پہلا جتھہ وطن پہنچ گیا

دوبئی ۔ /7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای سے دو اسپیشل فلائیٹس جملہ 354 ہندوستانی شہریوں کو لے کر جمعرات کو کیرالا کیلئے روانہ ہوئے ۔ ہندوستان کی طرف سے بیرون ملک پھنسے اپنے شہریوں کو وطن میں واپس لانے کی یہ سب سے بڑی مہم ہے جو کورونا وائرس وباء کے سبب جاری انٹرنیشنل ٹراویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے ضروری ہوگئی ہے ۔ ہندوستانی شہریوں کا پہلا جتھہ وطن واپس ہوا ہے اور ایرپورٹ پر انہیں پہلے سے طئے شدہ شرائط کے مطابق اسکریننگ سے گزارا جارہا ہے ۔ انہیں ابتداء میں کورنٹائن کیا جائے گا اور کووڈ۔19 کی علامتیں ظاہر ہونے پر دواخانہ کو منتقلی کی جائے گی ۔ بصورت دیگر انہیں گھر جانے کی اجازت مل جائے گی ۔ ابوظہبی سے ایک فلائیٹ 177مسافرین کے ساتھ مقامی وقت تقریباً شام 5.00 بجے روانہ ہوئی ۔ چند منٹ بعد دوبئی ۔ کوزی کوڈ فلائیٹ نے اڑان بھری ۔ انڈیا نے اس مہم کو وندے بھارت مشن کا نام دیا ہے ۔ مسافرین صبح کی اوقات میں ہی ابوظہبی اور دوبئی ایرپورٹس پر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے ۔ بعض مسافرین نے اپنے ساتھ ہندوستانی پرچم تھامے نظر آئے ۔ ہندوستانی سفیر پون کپور کو ابوظہبی ایرپورٹ پر میڈیکل اسکریننگ سے گزرنے والے بعض مسافرین سے ضروری باتیں پوچھتے دیکھا گیا ۔ پہلی فلائیٹ کی روانگی کے چند منٹ بعد ہندوستان کی دوسری خصوصی پرواز یو اے ای سے روانہ ہوئی ۔ مسافرین کے پہلے جتھہ میں بعض مشتبہ کووڈ۔19 کیس ہیں جنہیں وطن واپس بھیجا گیا ہے ۔ ان تمام کو ضروری طبی جانچ سے گزارا گیا ہے ۔ دوبئی میں کونسل جنرل آف انڈیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ جن مسافرین کو منتخب کیا گیا ، اس کی کسوٹی میڈیکل کیس ، جابس سے محرومی ، حاملہ خواتین اور سینئر شہری ہیں ۔ بعض پیچیدگیوں اور مالی مسائل سے دوچار افراد کو بھی منتخب کیا گیا ۔ فلائیٹس میں نشستوں کی آخری دو قطاروں کو خالی رکھا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی میں انہیں استعمال کیا جاسکے ۔