یو اے ای مذہبی رواداری کی بہترین مثال : ہندو پُجاری

   

دوبئی ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ابوظہبی کے ایک سینئر ہندو پجاری نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی میں جو نیا مندر تعمیر ہورہا ہے وہ یہاں تکثیریت اور بھائی چارگی کی بہترین مثال ہے۔ یو اے ای میں 2019ء ’’رواداری کے سال‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ گذشتہ سال فبروری میں وزیراعظم ہند نریندر مودی نے سوامی نارائن مندر کا سنگ بنیاد رکھا تھا جس کیلئے بوچا سنواسی شری اکثر پروشوتم سوامی نارائن سنستھا نے ویڈیو کانفرنسنگ کا اہتمام کیا تھا اور سنگ بنیاد بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عمل میں آیا تھا۔ مشرق وسطیٰ میں سوامی نارائن سنستھا کے انچارج سادھو برہما وہاری داس نے کہا کہ یو اے ای مذہبی رواداری کیلئے اپنی مثال آپ ہے۔ یاد رہیکہ یہی سنستھا مندر کی تعمیر اور اس کے بعد اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھالے گی۔ انہوں نے گلف نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلم ملک نے مندر کی تعمیر کیلئے اراضی دی جبکہ مندر کا ڈیزائن ایک آئرش کیتھولک نے تیار کیا اورکنسلٹنٹ ایک کمیونسٹ (دہریہ) ہے۔