سعودیہ میں میزائل گرنے سے 2 افراد زخمی
دبئی :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے حوثیوں کی جانب سے فائر کیے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو گرنے سے قبل تباہ کر دیا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ میڈیاکے مطابق تازہ واقعہ متحدہ عرب امارات پر حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے جس میں ایک پاکستانی اور دو ہندوستانی شہری ہلاک ہوئے تھے۔حوثی 6 سال سے زائد عرصے سے سعودی عرب کی زیر قیادت فوجی اتحاد سے لڑ رہے ہیں جس میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔حوثی بار بار سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کر رہے ہیں اور 17 جنوری کو متحدہ عرب امارات پر ایک غیر معمولی حملہ بھی کیا گیا۔ اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ تباہ کیے گئے بیلسٹک میزائلوں کی باقیات ابوظہبی کے ارد گرد الگ الگ علاقوں میں گریں۔وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ وہ تمام حملوں کے خلاف ضروری حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔ ’دی نیشنل‘ نے شہریوں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب دارالحکومت میں آسمان پر شعلے چمکتے دیکھے گئے۔پیر کو ہونے والا یہ تازہ حملہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر گزشتہ ہفتے کیے گئے حملے کے بعد دوسرا حملہ تھا ۔حوثیوں کے زیر انتظام ’المسیرہ‘ ٹیلی ویژن نے کہا کہ وہ چند گھنٹوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف وسیع فوجی آپریشن کی تفصیلات کا اعلان کریں گے۔ عرب اتحاد نے کہا کہ ایک بیلسٹک میزائل کو روکا گیا جس کی باقیات سے سعودی عرب کے جنوب میں ورکشاپوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل میڈیا نے بتایا تھا کہ ایک بیلسٹک میزائل جنوب میں گرا، جس سے دو غیر ملکی زخمی ہوئے اور ایک صنعتی علاقے کو نقصان پہنچا۔ادھر عرب فوجی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔جمعہ کو شمالی صوبہ صعدہ میں ایک عارضی حراستی مرکز پر حملے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوئے اور منگل کو ایک کارروائی میں حوثیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا میں تقریباً 20 افراد مارے گئے۔عرب ممالک نے حوثیوں کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔