ابوظہبی۔ 4 نومبر (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات میں آج یومِ پرچم قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور پرچم کے وقار کیلئے اہم اعلانات بھی کیے گئے۔متحدہ عرب امارات کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ قومی پرچم کی توہین یا غلط استعمال سنگین جرم ہے۔جس کی سزا 25 سال قید اور 5 لاکھ درہم (تقریباً 3 کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپے) تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پرچم اعلیٰ معیار کے پالیسٹر سے تیار کیا جائے اور اسے ہمیشہ صاف، درست اور زمین سے بلند رکھا جائے۔ علاوہ ازیں پرچم کے ساتھ کوئی دوسری چیز نہ باندھی جائے اور تہہ درست انداز سے کیا جائے تاکہ پرچم کا وقار، عزت اور احترام برقرار رکھا جا سکے۔ساتھ ہی پرچم پر کسی قسم کا لوگو، نشان یا آرائشی بارڈر نہیں لگایا جا سکتا اور پرچم کو کھانوں، غباروں یا تشہیری ڈیزائنز میں استعمال پر پابندی ہوگی۔یاد رہے کہ امارات میں 2 دسمبر کو قومی دن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ عام طور پر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں رہائشی پرچم کشائی، پریڈز اور کیک کاٹنے کی تقریبات کے ذریعے قومی دن مناتے ہیں۔