یو اے ای میں پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان

   

دبئی، 30 ستمبر (یو این آئی) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اکتوبر کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔ یو اے ای کی فیول پرائس کمیٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی سرکاری قیمتوں کا اعلان کیا، نظرثانی شدہ نرخوں کا اطلاق چہارشنبہ یکم اکتوبر سے ہوگا اور یہ پورے مہینے نافذ رہیں گی۔ سپر 98پٹرول کی قیمت 2.70 سے بڑھا کر 2.77 درہم فی لیٹر، اسپیشل 95 پٹرول کی قیمت 2.58 سے بڑھا کر 2.66 درہم فی لیٹر، ای پلس 91 پٹرول کے نرخ 2.51سے بڑھا کر 2.58 درہم فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 2.66سے بڑھا کر 2.71 درہم فی لیٹر کر دی گئی۔ یو اے ای کی فیول پرائس کمیٹی کی جانب سے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ عالمی خام تیل کی منڈی کے رجحانات کے تحت ہے۔
یہ تبدیلیاں ملک بھر میں نقل و حمل اور اشیا کی لاگت پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ فیول پرائس کمیٹی ہر ماہ کے آخر میں ایندھن کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے تاکہ ملکی نرخوں کو عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق رکھا جا سکے ۔ یہ ماہانہ نظام شفافیت اور لچک فراہم کرنے کیلیے بنایا گیا ہے جس سے ڈرائیوروں کو کسی بھی تبدیلی کے بارے میں پیشگی اطلاع مل جاتی ہے ۔ اکتوبر کیلیے نظرثانی شدہ قیمتیں بدھ یکم اکتوبر سے نافذ ہوں گی جس سے ڈرائیوروں کو اپنے ایندھن کے بجٹ کی پیشگی منصوبہ بندی کرنے کا موقع ملے گا۔