ابوظہبی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔اماراتی صدر نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو یہ یقین دہانی گزشتہ روز ابوظہبی میں ملاقات کے دوران کرائی۔پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جمعرات کو جاری ایک بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہائی کرائی ہے۔ یہ سرمایہ کاری انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت کئی شعبوں میں کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعرات کو ابوظہبی میں صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔شہباز شریف نے توانائی، پورٹ آپریشن منصوبوں، گندے پانی کی صفائی، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون کے معاہدوں پر بامعنی عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔