ابوظہبی، 9 جولائی (یو این آئی)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مخصوص قومیتوں کو عمر بھر کیلئے گولڈن ویزا دینے کے حوالے سے زیر گردش افواہوں کی تردید کی ہے۔ یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘وام’ کے مطابق، ان میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا گیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ‘نئی نامزدگی پر مبنی گولڈن ویزا اسکیم’ کا آغاز کیا گیا ہے۔ گولڈن ویزا ایک طویل المدتی رہائشی ویزا ہے ، جو غیر ملکی باصلاحیت افراد کو متحدہ عرب امارات میں رہنے ، کام کرنے یا تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے ، اور اس کے ساتھ متعدد خصوصی فوائد بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔وام کی رپورٹ کے مطابق ‘شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کی وفاقی اتھارٹی نے ان افواہوں کی تردید کی ہے ، جو کچھ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں اور ویب سائٹس پر گردش کر رہی ہیں کہ متحدہ عرب امارات مخصوص قومیتوں کو عمر بھر کا گولڈن ویزا دے رہا ہے ۔آئی سی پی نے واضح کیا کہ گولڈن ویزا کیلئے مخصوص زمروں، شرائط اور ضوابط کو سرکاری قوانین، قانون سازی اور وزارتی فیصلوں کے مطابق واضح طور پر بیان کیا گیا ہے ۔وام کے مطابق، آئی سی پی نے زور دے کر کہا کہ تمام گولڈن ویزا درخواستیں صرف متحدہ عرب امارات کے اندر سرکاری چینلز کے ذریعے ہی نمٹائی جاتی ہیں، اور کوئی بھی اندرونی یا بیرونی مشاورتی ادارہ اس عمل میں مجاز فریق نہیں سمجھا جاتا۔وفاقی ادارے نے کہا کہ حال ہی میں اس نے ایک بیرون ملک قائم مشاورتی دفتر کی خبروں کا مشاہدہ کیا ہے ، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ تمام زمروں کیلئے عمر بھر کے گولڈن ویزا کو متحدہ عرب امارات سے باہر سے آسان شرائط پر حاصل کیا جا سکتا ہے ۔وام کی رپورٹ میں مزید کہا گیا یہ دعوے کسی قانونی بنیاد پر نہیں ہیں، اور متعلقہ حکام کے ساتھ کسی بھی قسم کی ہم آہنگی کے بغیر کیے گئے ہیں، وفاقی اتھارٹی نے درخواست دہندگان کیلئے ایک محفوظ اور شفاف ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے علاوہ، یہ بھی بیان کیا گیا کہ ان اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جو جھوٹی معلومات پھیلا کر ان افراد سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو یو اے ای میں باعزت اور محفوظ زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں۔