یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر ’’عقابی نگاہ‘‘ تحقیقی سٹیلائٹ خلا میں !

   

دبئی: متحدہ عرب امارات نے اپنے انچاسویں قومی دن کے موقع پر اپنا بارھواں سٹیلائٹ خلا میں چھوڑا ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق تحقیقی مقاصد کیلئے خلائی سیارہ عقابی نگاہ (فالکن آئی) جنوبی امریکہ میں واقع فرانسیسی خلائی مرکز سے چہارشنبہ کی صبح اماراتی وقت کے مطابق 5:33 بجے (1:33 جی ایم ٹی) پر چھوڑا گیا ہے۔یہ سٹیلائٹ بھی یو اے ای کی مسلح افواج کے پانچ سالہ خلائی منصوبہ کا حصہ ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اس تحقیقی منصوبے پر غیرملکی ماہرین کی معاونت سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔عقابی نگاہ سٹیلائٹ تصویرکشی کی ہائی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔اس کو نقشوں ، زرعی نگرانی ، شہری منصوبہ بندی ، ماحول کی مانیٹرنگ ، قدرتی آفات سے متعلق منصوبہ بندی اور ملک کی سرحدوں اور ساحلی علاقوں کی دفاعی نقطہ نظر سے نگرانی کیلئے استعمال کیا جائیگا۔