یو جی اور پی جی امتحانات کی فیس تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

   

مختلف یونیورسٹیز کے حکام کو ششی دھر ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد : سابق وزیر اور کانگریس پارٹی ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسس کے فائنل سمسٹر امتحانات میں شرکت کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ عثمانیہ ، کاکتیہ ، ستا واہنا ، مہاتما گاندھی ، پالمور اور تلنگانہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس اور رجسٹرارس کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے فائنل سمسٹر امتحانات میں فیس کے ادخال کی آخری تاریخ 20 جون مقرر تھی اور مختلف گوشوں سے نمائندگی کے بعد بعض یونیورسٹیز نے 23 جون تک توسیع کی تھی۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن 15 جولائی سے امتحانات کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ فائنل امتحانات میں تقریباً 2 لاکھ طلبہ حصہ لیتے ہیں اور کئی ہزار طلبہ معاشی پریشانیوں کے سبب فیس کی ادائیگی کے موقف میں نہیں تھے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے سبب طلبہ فیس جمع نہیں کرسکے۔ بعض کالجس میں 20 فیصد طلبہ نے فیس جمع نہیں کی۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے بغیر جرمانے کے فیس کی ادائیگی کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی جائے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ طلبہ کو یہ رعایت دیتے ہوئے بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جائے تاکہ طلبہ امتحانات سے محروم نہ رہیں۔