یو پی آئی اے ایس عہدیدار چندرا کلا سی بی آئی کے نشانہ پر

   

لیڈی دبنگ کی حیثیت سے شہرت ۔ کریمنگر سے تعلق ۔ حیدرآباد میں تعلیم
حیدرآباد 8 جنوری ( سیاست نیوز ) اترپردیش کی لیڈی دبنگ قرار دی جانے والی آئی اے ایس عہدیدار بی چندرا کلا نیرو کے خلاف سی بی آئی نے دھاوے کئے تھے ۔ اس لیڈی دبنگ عہدیدار کا تلنگانہ سے تعلق ہے ۔ 40 سالہ آئی اے ایس عہدیدار چندرا کلا کی پیدائش کریمنگر ضلع کے یلاریڈی منڈل میں گرجنا پلی میں ہوئی تھی ۔ ان کے والد بی کشن فرٹیلائزر کارپوریشن راما گنڈم کے ریٹائرڈ سینئر ٹکنیشن تھے اور یہ خاندان کئی برسوں سے ایف سی آئی کالونی میں مقیم تھا ان کی والدہ بی لکشمی اب بھی اسی کالونی میں مقیم ہیں۔ چندرا کلا نے کیندریہ ودیالیہ راماگنڈم سے تعلیم حاصل کی تھی ۔ اسکے بعد وہ حیدرآباد منتقل ہوگئیں اور وومنس کالج سے جغرافیہ میں گریجویشن کیا ۔ انہوں نے سری رام ساگر پراجیکٹ کے ایک ایگزیکیٹیو انجینئر اے راملو سے شادی کی تھی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیم سے معاشیات میں ماسٹرس کرنے کے بعد انہوں نے سیول سرویس امتحان تحریر کیا اور 409 واں رینک حاصل کیا ۔ لیڈی دبنگ آئی اے ایس عہدیدار 2017 سے سرخیوں میں ہیں جب وہ مختلف ویڈیوز میں بلدی عہدیداروں ‘ اساتذہ اور کرپٹ عہدیداروں کی سرزنش کرتی دیکھی گئیں۔ سی بی آئی نے ہفتہ کو یو پی اور دہلی میں 12 مقامات پر دھاوے کئے تھے ۔ سی بی آئی نے لکھنو کے حسین گنج میں آئی اے ایس چندرا کلا کے گھر پر بھی دھاوا کرکے کچھ دستاویزات ضبط کرنے کا دعوی کیا تھا ۔ چندرا کلا آئی اے ایس سوشیل میڈیا پر بہت مقبول ہیں اور ان کے ٹوئیٹر پر 9 لاکھ فالوورس ہیں۔