یو پی اے دور حکومت کے قوانین کو کمزور کرنے کا مودی حکومت پر الزام

   

آر ٹی آئی قانون پر عمل آوری سے انحراف، جہدکاروں پر حملے، مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 12 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ یو پی اے دور حکومت میں عوام کی بھلائی کے لئے کی گئی قانون سازی کو موجودہ مودی حکومت غیر اہم بناتے ہوئے عمل آوری سے گریز کررہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ دور حکومت میں سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے اور عہدیداروں کو جواب دہ بنانے کے لئے قانون حق معلومات (RTI) ایکٹ تیار کیا گیا تھا لیکن مودی حکومت نے اس قانون کو کمزور کردیا ہے۔ یو پی اے دور حکومت میں فارسٹ رائٹس ایکٹ اور فوڈ سیکوریٹی ایکٹ مدون کیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت دونوں قوانین کو نظرانداز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنے کے لئے مودی حکومت نے قومی سطح پر مکمل کمیشن تشکیل نہیں دیا۔ 11 رکنی کمیشن کی جگہ محض 2 ارکان کا تقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2005 میں حق معلومات قانون کا نفاذ عمل میں آیا اور قانون کے 20 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ یہ قانون ملک کی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جس کے ذریعہ شہریوں کو سچائی جاننے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ آر ٹی آئی قانون کے نتیجہ میں غریب اور محروم طبقات کو حکومت کی اسکیمات سے واقفیت حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ یو پی اے حکومت نے دیہی سطح پر روزگار کی فراہمی کے لئے مہاتما گاندھی دیہی قومی ضمانت روزگار اسکیم کا آغاز کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ یو پی اے حکومت میں اور بھی کئی قوانین مدون کئے گئے جو عوام کے لئے فائدہ مند ہیں۔ 2014 میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد آر ٹی آئی قانون کو کمزور کردیا گیا۔ آر ٹی آئی کمشنرس کی میعاد کے تعین کا اختیار حکومت نے اپنے تحت رکھا ہے۔ آزادانہ طور پر خدمات انجام دینے والے کمشنرس پر مرکزی حکومت دباؤ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2025 کے بعد چیف کمشنر کا عہدہ بھی خالی ہوچکا ہے۔ ملک میں آر ٹی آئی جہدکاروں کے خلاف حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کانگریس پارٹی آر ٹی آئی قانون پر عمل آوری کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ عوام سرکاری محکمہ جات کے حقائق سے واقف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے نفاذ کے 20 سال کی تکمیل کے موقع پر کانگریس پارٹی قانون حق معلومات کے تحفظ کا عہد کرتی ہے۔ 1