نئی دہلی ؍ ممبئی: چیف منسٹر مغربی بنگال اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے آج قدیم پارٹی پر ایک اور طنز کیا اور کانگریس زیرقیادت یونائیٹیڈ پروگریسیو الائنس (یو پی اے) کے وجود پر سوال اٹھایا ، جس نے 2004ء سے 2014ء تک 10 سال ملک پر حکمرانی کی ہے۔ ممتا نے ممبئی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شردپوار کے ساتھ اپنی میٹنگ کے بعد میڈیا سے رابطہ میں ریمارک کیا کہ اب کوئی یو پی اے نہیں رہا۔ ٹی ایم سی سربراہ کا یہ بیان ظاہر طور پر کانگریس کی مخالفت میں ہے جس کی صدر سونیا گاندھی یو پی اے چیرپرسن ہیں۔ اس سے یہ اشارہ بھی ملتا ہیکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان دوریاں بڑھتی جارہی ہیں۔ گذشتہ دو لوک سبھا انتخابات میں ملک کی قدیم پارٹی کی شکست فاش نے یو پی اے کی مطابقت پر سوال کھڑے کردیئے ہیں۔ ممتا بنرجی حالیہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف اپنی زبردست کامیابی کے بعد علاقائی پارٹیوں کا اتحاد بنانے کیلئے مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز شیوسینا قائدین سے ملاقات کی اور آج شردپوار کے ساتھ میٹنگ منعقد کی۔