یو پی ’جنگل راج‘ کی کوئی حد نہیں ۔ کانگریس کا ردعمل

   

نئی دہلی : اترپردیش میں جس طرح ’’جنگل راج ‘‘ پھیل چکا ہے اُس کی کوئی حد نہیںاور اب جوابدہی کیلئے کوئی وقت بھی مقرر نہیں ہے۔ کانگریس نے جمعرات کو ریاست کے ضلع بلرام پور میں 22سالہ دلت لڑکی کی گینگ ریپ کے بعد موت پر شدید ردعمل میں کہا کہ یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کہ 19سالہ دلت لڑکی کی دہلی کے دواخانہ میں دو ہفتے قبل ہی موت ہوئی تھی ۔ اُسے مبینہ طور پر اونچے ذات کے چار افراد نے عصمت دری کا شکار بنایا تھا ۔سابق صدر راہول گاندھی کے بشمول کئی کانگریس قائدین نے دونوں واقعات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ راہول نے کہا کہ خواتین پر مظالم اور حکومت کی شرمناک بے باکی بدستور جاری ہیں۔ نہ وہ خواتین کو زندگی میں عزت دیتے ہیں اور نہ مرنے کے بعد اُن کا کوئی احترام ہے۔ بی جے پی کا نعرہ ’ لڑکی بچاؤ ‘ نہیں بلکہ ’ حقائق چھپاؤ، اقتدار بچاؤ ‘ ہے ۔