یو پی حکومت کیخلاف منصوبہ بے نقاب ، اے ٹی ایس کا دعویٰ

,

   

پاکستان کی پشت پناہی سے شریعت کے نفاذ کا منصوبہ بنایا گیا ، 4 افر اد کی گرفتاری کیساتھ انکشاف

لکھنو : /30 ستمبر (ایجنسیز) اترپردیش انسداد دہشت گردی جتھہ (اے ٹی ایس) نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی پشت پناہی سے یو پی حکومت کو گراتے ہوئے شریعت کے نفاذ کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ اس بارے میں بریلی تشدد کی تحقیقات میں پتہ چلا ۔ گزشتہ ہفتے پیش آئے پرتشدد واقعات کے بعد یو پی اے ٹی ایس نے ریاست بھر میں دھاوے کئے اور اس دوران چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جنہوں نے مبینہ طور پر مجاہدین آرمی تشکیل دینے کا منصوبہ بنارکھا تھا ۔ ان کا مقصد تھا کہ مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جائے اور پولیس والوں کو ہلاک کیا جائے ۔ گرفتار ملزمین اکمل رضا ، سفیل سلمانی عرف علی رضوی ، محمد توصیف اور عاصم علی ہیں ۔ اے ٹی ایس نے 4 اضلاع سلطان پور ، سون بھدر ، کانپور اور رامپور میں دھاوے کرتے ہوئے ان چاروں کو گرفتار کیا ہے ۔ عہدیداروں نے ایک ٹی وی چیانل کو بتایا کہ ملزمین نے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے مجاہدین آرمی بنائی اور فنڈس اکٹھا کئے تاکہ نوجوانوں کو شامل کرتے ہوئے ان کی ذہن سازی کی جائے اور انہیں تشدد پر آمادہ کیا جائے ۔ اے ٹی ایس نے اس معاملہ میں پاکستانی عناصر ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔ انہیں مختلف اضلاع سے ہدایات وصول ہورہی تھی کہ پرتشدد جہاد کرنا ہے ۔