یو پی : ساتویں و آخری مرحلہ میں بی جے پی کا بہت کچھ داؤ پر

,

   

Ferty9 Clinic

2017 ء میں بی جے پی نے ان حلقوں میں خراب مظاہرہ کیا تھا ۔ موجودہ حالات میں سماج وادی پارٹی سے سخت مقابلہ درپیش ، کل پولنگ

لکھنؤ :اترپردیش میں جاری اسمبلی انتخابات میں ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 9اضلاع کی 54سیٹوں پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی حریف سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے درمیان سخت مقابلے کے امکانات ہیں۔اس مرحلے میں جہاں بی جے پی اپنی سبقت کو برقرار رکھنے کو کوشاں ہے تو سماج وادی پارٹی نہ صرف اپنے قلعہ اعظم گڑھ میں اپنے رسوخ کو برقرار رکھنے بلکہ اس خطے میں اپنے اثر کو وسعت دینے کے لئے کوشاں ہے ۔ساتویں مرحلے کا الیکشن 7مارچ کو ہوگا۔سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں ان 54سیٹوں میں سے 29پر بی جے پی نے اور 7سیٹوں پر اس کی اتحادی پارٹیوں نے جیت کا پرچم لہرایا تھا جب کہ ایس پی کے خاطے میں11اور بی ایس پی کو6سیٹیں ملی تھیں۔وہیں سال 2012 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے 34،بی ایس پی نے سات اور بی جے پی کو صرف 4سیٹیں ملی تھیں۔تین سیٹوں پر کانگریس اور 5سیٹوں پر دیگر چھوٹی پارٹیوں نے جیت کا علم لہرایا تھا۔سیاسی ماہرین کے مطابق یوپی اسمبلی انتخابات کے اس ساتویں و آخری مرحلے کی کچھ دلچسپ جہات ہیں۔ سیاسی بھی اور جغرافیائی بھی۔وارانسی سے رکن پارلیمان ہونے کے ناطے وزیر اعظم نریندر مودی سال 2014 سے اس خطے کے سب سے موثر شخصیت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔مودی برانڈ کی وجہ سے پارٹی کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔وزیر اعظم کے وارانسی سے شخصی تعلقات کے ساتھ بڑے ہندوتوا اور بیک ورڈ شناخت نے سال 2017 میں بی جے پی کی بڑی جیت کے راستے کو ہموار کیا۔تاہم اسے سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد سے سخت چیلنجز کا سامنا کرناپڑا۔دلت۔اوبی سی ذات کا بی ایس پی۔ ایس پی کا اتحاد اسی خطے میں سب سے زیادہ کامیاب رہا۔اور بی ایس پی نے غازی پور، گھوسی،جونپور اور لال گنج پارلیمانی جبکہ ایس پی نے اعظم گڑھ پارلیمانی حلقے جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔اس خطے میں سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج نچلی ذاتوں بالخصوص جو اس خطے میں سب سے زیادہ پسماندہ ہیں ان کی اہمیت کو یاد دلاتا ہے ۔ہاں اس بات میں بھی کوئی شبہ نہیں ہے کہ اس خطے کے رابرٹس گنج اور مرزاپور پارلیمانی حلقے کو کرمی۔ او بی سی ووٹروں پر مبنی اپنا دل(ایس) نے جیت کر پرچم لہرایا جو کہ بی جے پی کی اتحادی تھی اور اس الیکشن میں بھی ہے ۔سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی اس خطے میں جیت کے پیچھے سب سے اہم وجہ اس کے اتحادیوں کی توسیع تھی۔ اس وقت بی جے پی کے پاس اپنا دل کے ساتھ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی)کی حمایت تھی۔اور یہ اتحادی پارٹیاں کافی ضروری کرمی اور راج بھر پسماندہ سماج کو بی جے پی خیمے میں لانے میں معاون ثابت ہوئیں۔اور اسی کا انتیجہ تھا کہ اوم پرکاش کی قیادت والی ایس بی ایس پی تین سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ اپنا دل کو 4سیٹیں ملیں۔وہیں نشاد ووٹروں میں اپنا رسوخ رکھنے والی نشاد پارٹی نے تنہا الیکشن لڑا تھا اور ایک سیٹ پر جیت درج کی تھی۔یہ نشاد پسماندہ سماج کے ووٹروں پر مبنی علاقائی پارٹی کا اس بار بی جے پی سے اتحاد ہے اور ساتویں مرحلے میں پارٹی نے 3امیدوار اتارے ہیں۔تاہم ان تمام کے باجود ایس بی ایس پی کا بی جے پی کو چھوڑ کر ایس پی سے اتحاد کرنا بی جے پی کے لئے بڑا چیلنجز ہے ۔سال 2017 میں یوگی کابینہ میں وزیر بنائے گئے راج بھر نے بعد میں بی جے پی سے راستہ جدا کرلیا۔
اور اس وقت غیر یادو او بی سی لیڈروں میں وہی بی جے پی کی سب سے زیادہ کھل کر تنقید کرتے ہیںاعظم گڑھ، مئو اور وارانسی اضلاع میں راج بھر کمیونٹی کی خاصی تعداد ہے ۔ایس بی ایس پی کا ایس پی سے اتحاد ہے اور وہ پوری ریاست میں 17سیٹوں پر الیکشن لڑرہی ہے ۔جس میں سے 8اس آخری مرحلے کی ہیں۔ایس پی قیادت پرامید ہے کہ راج بھر کے ساتھ اس خطے میں یادو۔ او بی سی کی اکثریت ان کے لئے ثمر آور ثابت ہوگی۔بی جے پی نے راج بھر کی کمی کو پورا کرنے کی حتی المقدور کوشش کی ہے لیکن اس مرحلے میں موثر کرمی ووٹ بینک کے لئے بھی ایک دلچسپ لڑائی ہے ۔سماج وادی پارٹی نے اپنا دل سے الگ ہونے والے اپنا دل(کے ) کے ساتھ اتحاد کیا ہے جس کی سربراہ وفاقی وزیر و اپنا دل(ایس) کی سربرہ انوپریا پٹیل کی ماں کرشنا پٹیل ہیں۔اپنا دل(ایس)4سیٹوں پر الیکشن لڑرہی ہے جبکہ ایس پی کی اتحادی اپنا دل(کے ) نے اس مرحلے میں پانچ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔اگرچہ سیاسی برتری کے لئے ماں۔بیٹی کی یہ لڑائی نئی نہیں ہے ۔یہ پہلی بار ہے کہ کرشنا پٹیل گروپ کسی بڑی سیاسی پارٹی کے ساتھ انتخابی میدان میں ہے ۔اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ بی جے پی اور ایس پی دونوں کے لئے یہ‘اتحادی فیکٹر’ ہے جس کی اس حتمی مرحلے میں کافی اہمیت ہے ۔اور بہت کچھ اس بات پر مبنی ہے کہ یہ چھوٹے چھوٹے کردار کتنا موثر ثابت ہوتے ہیں۔