یو پی سے جلاد بھیجنے تہاڑ جیل کی درخواست

   

نربھئے کیس کے مجرمین کو فوری پھانسی دینے سواتی کا مطالبہ
لکھنو ، 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی تہاڑ جیل کے حکام نے مختصر نوٹس پر دو جلاد بھیجنے کی اترپردیش سے درخواست کی ہے۔ یہ اطلاعات گشت کررہی ہیں کہ نربھئے کیس کے چاروں مجرمین کو جلد ہی پھانسی دی جائے گی۔ اترپردیش کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (محابس) آنند کمار نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا محکمہ جلاد بھیجنے کیلئے تیار ہے۔ تہاڑ جیل انتظامیہ کے پاس جلاد نہیں ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ اترپردیش میں دو جلاد ہیں۔ اس لئے انھوں نے حسب ضرورت انھیں روانہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 9 ڈسمبر کو فیکس کے ذریعے اس سلسلہ میں محکمہ محابس کو درخواست موصول ہوئی ہے۔ تاہم، یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ مجرمین کو کب پھانسی دی جارہی ہے۔ نربھئے کیس کے چار مجرمین پون گپتا، اکشے ٹھاکر، مکیش سنگھ اور ونئے شرما کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔