نئی دہلی۔ 12 جنوری ۔ (ایجنسیز )اتر پردیش کے ضلع ہردوئی سے ایک انتہائی سنسنی خیز اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پالی تھانے کے اندر ایک شوہر نے اپنی ہی بیوی کو گولی مار کر قتل کردیا۔ اس واردات نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور پولیس کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔پولیس کے مطابق راما پور اٹاریہ کے رہنے والے انوپ کی شادی تقریباً 17 سال قبل سونی سے ہوئی تھی۔ 7 جنوری کو سونی اپنے شوہر کو چھوڑ کر اپنے عاشق سرجیت کے ساتھ فرار ہوگئی تھی۔ کافی تلاش کے بعد پولیس نے خاتون کو بازیاب کرایا اور اسے پالی تھانے میں پولیس کی تحویل میں رکھا گیا تھا۔بدھ کی صبح جب سونی پولیس اسٹیشن کی کینٹین سے کھانا لینے جا رہی تھی، اسی دوران اس کا شوہر انوپ پہلے سے وہاں موجود تھا۔ موقع پا کر اس نے غیر قانونی اسلحہ سے سونی پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگتے ہی سونی زمین پر گر پڑی اور شدید خون بہنے لگا۔ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر اسے ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
