کسانوں کی شرحوں میں کٹوتی کی جائے ۔پرینکا گاندھی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ اترپردیش میں برقی بلز میں بے قاعدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے قاعدگیوں کیلئے ذمہ دار عہدیداروں کے خلافکارروائی کی جائے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کیلئے برقی شرحوں میں کٹوتی بھی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں بافندوں ‘ دستکاروں اور چھوٹی صنعتوں کو برقی طلب میں راحت دی جانی چاہئے ۔ اپنے ایک بیان میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ سارے اترپردیش میں برقی بلوں اوربرقی میٹروں کی دہشت پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گذشتہ چند برسوں میں اترپردیش میں برقی شرحوں میں غیر معمولی اضافہ وا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال میں دیہی گھریلو صارفین کی شرحوں میں 500 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ شہری گھریلو برقی شرحوں میں 94 فیصد اور کسانوں کی شرحوں میں 126 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش برقی میٹروں کی تجربہ گاہ بن گیا ہے جہاں برقی میٹرس بہت زیادہ رفتار سے دوڑ رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں برقی میٹرس نصب کئے بغیر ہی بلز جاری کئے جا رہے ہیں۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ چھوٹی صنعتیں مشکلات کا شکار ہیں اور کسانوں کی فصلیں بک نہیں پا رہی ہیں ایسے میں ان تمام طبقات کو برقی کھپت کے معاملے میں حکومت سے راحت فراہم کی جانی چاہئیں۔
