دلہن نے دوسرے شخص سے شادی کرلی
بجنور ۔ /8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کے بجنور میں شادی کی تقریب کے دوران بارات تاخیر سے پہونچنے پر لڑکی والوں نے پوری بارات کی مبینہ طور پر پٹائی کردی اور دولہے کے رشتہ داروں کو ایک کمرے میں بند کرکے مقفل کردیا گیا ۔ دلہن کے خاندان والوں نے الزام عائد کیا کہ دولہے والے جہیز کا مطالبہ کررہے تھے جبکہ دولہے کے ماں باپ نے الزام عائد کیا کہ کسی وجہ سے بارات تاخیر سے پہونچنے پر دلہن والوں نے ان پر حملہ کیا اور ان کے قیمتی اشیاء کو چھین لیا۔ اس تنازعہ کے درمیان دلہن نے اپنے پڑوس کے ایک شخص سے شادی کرلی ۔ دلہن نے بارات کے ساتھ آنے والے دولہے کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس نے جہیز کا بے جا مطالبہ کیا ہے۔دلہن کے انکار کے بعد شادی کے منڈپ میں ہلچل مچ گئی اور مقامی افراد نے فوری طور پر پڑوس کے نوجوان کو تیار کیا اور لڑکی نے اسے ورمالا پہنادیا ۔