لکھنو ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش نے آج کہا کہ اس کے ملازمین کی تنخواہیں نہ موخر کی جائے گی اور نہ ہی کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے کوئی کٹوتی ہوگی۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے وصولیات پر ضرور اثر پڑا ہے لیکن وہ واضح کرتے ہیں کہ ریاست کی معیشت کی حالت مضبوط ہے اور وہ عالمی وباء سے پیدا شدہ چیلنج سے ضرور نمٹیں گی۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ چیف منسٹر کے احکام کے مطابق ریاستی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی نہیں کی جائے گی اور نہ ان کی ادائیگی میں تاخیر ہوگی۔ کئی ریاستوں نے چیف منسٹر اور دیگر عہدیداروں و ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر یا کٹوتی کا اعلان کیا ہے جیسے آندھراپردیش ، اڈیشہ ، راجستھان اور تلنگانہ۔