یو پی میں مفت ایل پی جی سلنڈرکا تحفہ

   

لکھنؤ:14 اکتوبر (یو این آئی)اتر پردیش حکومت نے وزیر اعظم’ اُجولا اسکیم’ کے تحت مالی طور پر کمزور اور پسماندہ کنبوں کیلئے دو مفت ایل پی جی سلنڈر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج لوک بھون میں اس اسکیم کا افتتاح کریں گے اور اہل خواتین کو مفت ریفل سلنڈرتحفے میں دیں گے ۔ وزیر اعظم اُجوالا اسکیم مئی 2016 میں شروع کی گئی تھی تاکہ وہ دیہی اور پسماندہ خاندان جو لکڑی، کوئلہ یا گوبر جیسے روایتی ایندھن استعمال کر رہے تھے ، انہیں صاف اور محفوظ ایندھن یعنی ایل پی جی کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔ اس اسکیم نے دیہی ہندوستان کے کچن کو دھوئیں سے پاک کرنے کے ساتھ خواتین اور بچوں کی صحت پر منفی اثرات کو بھی کم کیا ہے ۔ اتر پردیش اس اسکیم کے نفاذ میں پیش پیش رہا ہے اور اب تک 1.86 کروڑ کنبوں کو اُجولا کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اُجولا مستفیدین کو ہر سال دو مفت ایل پی جی ریفل سلنڈر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تقسیم مالی سال 2025-26 میں دو مراحل میں کی جائے گی: پہلا مرحلہ اکتوبر 2025 سے دسمبر 2025 تک اور دوسرا مرحلہ جنوری 2026 سے مارچ 2026 تک۔