نئی دہلی۔ 19 ستمبر (ایجنسیز) اتر پردیش اور دہلی میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) کے اقدامات شروع ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق اتر پردیش میں گریجویٹ اور ٹیچر قانون ساز کونسل انتخابات سے قبل یہ عمل 30 ستمبر 2025 سے شروع ہو کر 30 دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔ گریجویٹ انتخابی حلقوں میں لکھنؤ، آگرہ، میرٹھ، وارانسی اور الہ آباد-جھانسی جبکہ ٹیچر انتخابی حلقوں میں لکھنؤ، آگرہ، میرٹھ، بریلی-مرادآباد اور گورکھپور-فیض آباد شامل ہیں۔چیف الیکٹورل افسر کے مطابق اتر پردیش میں موجودہ منتخب اراکین کی مدت 6 دسمبر 2026 کو ختم ہو رہی ہے، اور ووٹر لسٹ کی تجدید کے لیے اہلیت کی تاریخ یکم نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ گریجویٹ ووٹر لسٹ میں نام درج کروانے کے لیے امیدوار کا کم از کم تین سال قبل کسی ہندوستانی یونیورسٹی سے گریجویٹ ہونا ضروری ہے جبکہ ٹیچر ووٹر لسٹ میں شامل ہونے کے لیے امیدوار کو متعلقہ تعلیمی اداروں میں گزشتہ چھ سال میں کم از کم تین سال تدریسی کام میں مشغول ہونا لازمی ہے۔دہلی میں بھی چیف الیکٹورل افسر نے خصوصی گہری نظرثانی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ دہلی میں تازہ ترین انتخابی فہرست میں تقریباً 1.56 کروڑ افراد شامل ہیں اور ووٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اور والدین کے نام ویب سائٹ پر چیک کریں تاکہ BLOs (Booth Level Officers) کے گھر گھر دوروں کے دوران ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے نام کی تصدیق کر سکیں۔