لکھنو ۔ اترپردیش حکومت نے ریاستی اسمبلی اور کونسل کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ پیپر لیس بجٹ کیلئے آئی پیاڈز خرید لیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما نے بتایا کہ ہر رکن اسبملی و کونسل کو ایپل کا آئی پیاڈ خریدنے کیلئے 50 ہزار روپئے دئے جائیں گے ۔ ریاست میں 403 ارکان اسمبلی اور 100 ارکان کونسل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ارکان اسمبلی اور کونسل کو ریاست میں آئی پیاڈز دئے جائیں گے ۔ ہر آئی پیاڈ امکان ہے کہ 50 ہزار روپئے مالیتی ہوگا اور اس کی قیمت ارکان کو ادا کردی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی وزراء کو تربیت دی جا رہی ہے ۔ ارکان اسمبلی اور کونسل کو بھی بجٹ اجلاس سے قبل اس کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ 2 فبروری کو چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے ہدایت دی تھی کہ ریاستی کابینہ کا آئندہ ایام میں آن لائین اجلاس ہوسکتا ہے اس لئے وزراء کو تربیت دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی مختلف کام تیزی سے شفافیت کے ساتھ انجام دینے میں انتہائی معاون ہے ۔ وزراء کو ای کابینی اجلاس کی تربیت دی جانی چاہئے تاکہ وہ گھر یا دفتر سے شرکت کرسکیں۔