یو پی میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز

   

لکھنو 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں کورونا پازیٹیو کیسوں کی تعداد 10 ہزار سے پار ہوگئی ہے جبکہ آج ایک دن میں 370 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست میں اب تک جملہ 268 افراد کورونا کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔ ریاست میں اب کورونا کے جملہ متاثرین کی تعداد 10,103 ہوگئی ہے ۔ پرنسپل سکریٹری ہیلت امیت موہن پرساد نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست میں اب بھی 3,927 مریض دواخانوں میں زیر علاج ہیں اور جملہ 5,908 افراد کو علاج و صحتیابی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ آج ہفتے کو ایک دن میں 11 تازہ اموات کی وجہ سے مہلوکین کی تعداد بھی 268 ہوگئی ہے ۔ مسٹر پرساد نے کہا کہ ماہ جون کے دوران اس وائرس سے بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور یہ وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مائیگرنٹس اور دوسرے افراد ریسات کو واپس ہو رہے ہیں۔ چوکسی اختیار کرتے ہوئے وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاوں اور محلہ نگرانی کمیٹیوں کو چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ مائیگرنٹس یا دوسرے جو لوگ واپس آ رہے ہیں وہ گھروں میں قرنطینہ میں رہیں۔قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔