یو پی نے پراویڈنٹ فنڈ کو ڈیفالٹر کمپنی میں لگا دیا؟

   

٭ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی ادتیہ ناتھ زیرقیادت اترپردیش حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا کہ وہ ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کی رقم کو ’داغدار‘ کمپنی DHFL (دیوان ہاؤزنگ فینانس کارپوریشن لمیٹیڈ) میں مشغول کررہی ہے اور استفسار کیا کہ اس طرح کی سرمایہ کاری کے ذریعے کس کے مفادات کی تکمیل ہورہی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں پرینکا نے کہا کہ یو پی کی بی جے پی حکومت نے پی ایف کی رقم زائد از 2,600 کروڑ روپئے کو بطور سرمایہ ریاست کی ڈیفالٹر کمپنی میں لگا دیا ہے۔ ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے لکھنو میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور اس فیصلے پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ ڈی ایچ ایل ایف کمپنی کے پروموٹرس سے حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پوچھ تاچھ کی ہے کیونکہ ان کے روابط اقبال مرچی کی محاذی کمپنی کے ساتھ بتائے جاتے ہیں، جو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا قریبی مددگار تھا۔ پرینکا نے کہا کہ اترپردیش کے پاور کارپوریشن پرسونل کے پراویڈنٹ فنڈ کو متنازعہ اور داغ دار کمپنی میں مشغول کیا جارہا ہے، جس سے کس کا فائدہ ہوگا، سوال طلب ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اس معاملے میں وضاحت کرنا چاہئے۔