یو پی ‘ ووٹر لسٹ پر خصوصی مختصر نظرثانی مہم ‘ سماجوادی پارٹی کا اعتراض

   

خصوصی مہم کو ایس ایس آر میں ضم کرنے کا مطالبہ۔ مہم کے ذریعہ بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کی کوشش کا الزام

لکھنؤ 17 اکتوبر (یو این آئی) سماج وادی پارٹی نے اتر پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی مختصر نظرثانی کے حوالے سے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی میٹنگ میں کئی اہم اعتراضات اور تجاویز پیش کیں۔ پارٹی نے ووٹر لسٹ کی نظرثانی کیلئے رہی خصوصی مہم کے جواز پر سوال کرکے اسے خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر ) میں ضم کر کے صرف ایک مہم چلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ پہلے ریاست کی تمام 403 اسمبلی سیٹوں میں 1,77,516 بوتھس پر ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظرثانی مہم تقریباً 166 دنوں یعنی ساڑھے پانچ ماہ تک چلائی گئی۔ پارٹی بیان کے مطابق، اس عمل کے کچھ ہی عرصے بعد 5 اکتوبر سے ایک ماہ کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ اسی دوران 12 نومبر سے ایک ماہ کیلئے خصوصی مختصر نظرثانی پروگرام کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے ۔ ایس پی نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظرثانی میں ووٹروں اور نئے ووٹر بننے کے خواہشمند افراد کو پیچیدہ اور سخت قوانین کی پابندی کرنی پڑی۔ پارٹی نے کہا کہ اگر اب گزشتہ عمل کے قواعد کو لاگو نہیں رکھا جانا ہے اور نئی مہم چلائی جانی ہے ، تو پھر الگ مہمات کی ضرورت کیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی دو الگ الگ مہمات کے بجائے موجودہ خصوصی مہم کو خصوصی مختصر نظرثانی میں ہی ضم کر دیا جانا چاہیے ۔ ایس پی نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کیلئے صرف ایک مربوط ایس ایس آر مہم چلائی جائے ، تاکہ ووٹرس اور سیاسی جماعتوں کے سامنے غیر ضروری الجھن پیدا نہ ہو۔ ایس پی نے ووٹر لسٹ کے عمل میں سیاسی جماعتوں کی شرکت اور شفافیت بڑھانے بھی کئی مطالبات رکھے ۔ پارٹی نے بوتھ لیول آفیسرز(بی ایل او) کے ناموں اور موبائل نمبروں کی فہرست متعلقہ بوتھ لیول ایجنٹس یا سیاسی جماعتوں کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے کہا کہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کو ملنے والے فارم-6، فارم-7 اور فارم-8 کی معلومات روزانہ نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جانی چاہئیں اور اسے کم از کم ایک ہفتے تک لازمی دستیاب رکھا جائے ۔ ایس پی نے مطالبہ کیا کہ بی ایل او سے نشاندہی کردہ ووٹر اور موصولہ فارموں کی بنیاد پر تیار فہرست ہر ہفتے سیاسی جماعتوں کو فراہم کی جائے ۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ سے جڑی اس خصوصی مہم کا مقصد غیر جانبدارانہ عمل کے بجائے برسرِ اقتدار بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ پارٹی نے انتخابی عمل میں مزید شفافیت اور سیاسی جماعتوں کو باقاعدگی سے معلومات فراہم کرنے پر زور دیا۔