یو پی ٹی ای ٹی امتحانی پرچہ کا افشا، امتحان منسوخ

   

کانگریس قائد پرینکا گاندھی کی یوگی حکومت پر شدید تنقید

لکھنؤ: یو پی ٹی ای ٹی 2021 کے امتحانی پرچہ کے افشا ہونے کے سبب امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اتر پردیش کے وزیر تعلیم ڈاکٹر ستیش دویدی نے کہا ہے کہ یو پی ٹی ای ٹی امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، لہذا دونوں نشستوں کے امتحان کو فوری اثر سے منسوخ کیا جا رہا ہے۔ امتحان منسوخ ہونے پر پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بڑی مچھلیوں کو بچایا گیا، اس لئے بدعنوانی عروج پر ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ یو پی ٹی ای ٹی کا امتحان امیدواروں سے کوئی فیس وصول کئے بغیر ایک ماہ کے اندر دوبارہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ جانچ یو پی ایس ٹی ایف کو سونپی جا رہی ہے، تاکہ قصورواروں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ لاء اینڈ آرڈر کے اے ڈی جی پرشانت کمار نے کہا کہ ایس ٹی ایف نے پرچہ لیک معاملے میں درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ نیز اس معاملہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق پرچہ لیک کے بعد ایس ٹی ایف نے ریاست بھر میں متعدد مقامات پر دھاوے کئے۔ جس کے بعد لکھنو، الہ آباد، میرٹھ، غازی آباد سمیت کئی اضلاع سے کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس معاملے میں یو پی میرٹھ ایس ٹی ایف نے شاملی سے 3 لوگوں کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔ ایس ٹی ایف کی جانب سے تاحال الہ آباد سے 13، لکھنو سے 4، شاملی سے 3، ایودھیا سے 2 اور کوشامبی سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔پرچہ لیک ہونے کے بعد یو پی ٹی ای ٹی امتحان منسوخ ہونے کے سلسلہ میں پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر تنقید کی ۔ اور ٹوئٹر پر لکھا، ’’بھرتیوں میں بدعنوانی، پیپر آؤٹ ہی بی جے پی حکومت کی شناخت بن چکی ہے۔
آج یو پی ٹی ای ٹی کا پیپر آؤٹ ہونے کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں کی محنت پر پانی پھر گیا۔‘‘