لکھنو ۔ اترپردیش میں ایک پاور پلانٹ میں تعمیری سہارے گرنے کی وجہ سے 13 مزدور زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ سونبھدرا ضلع میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کے نام مکتوب میں لینکو انپارا پاور لمیٹیڈ کے مینیجر ایس کے دویدی نے کہا کہ لوہے کا ڈھانچہ رات 2.45 بجے مینٹیننس کام کے دوران گر پڑا ۔ اس میں 13 مزدور زخمی ہوگئے ہیں۔ آٹھ مزدوروں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ مزید پانچ مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جنہیں سرکاری دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ تین مزدوروں کو سرپر زخم آئے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ تمام مزدوروں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے یہاں بوائیلر دھماکہ کی اطلاعات کو مسترد کردیا ۔
